لندن۔ سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ڈیوڈ
کیمرون ایک ٹرسٹ سے وابستہ ہونے جا رہے ہیں۔ کیمرون نے بتایا کہ نیشنل
سٹيزنس سروس ٹرسٹ (این سی ایس) نے انہیں اپنے ساتھ آنے کی پیشکش کی ہے۔
تاہم اس خدمت کے لئے انہیں کوئی پیسہ نہیں ملے گا۔ این سی ایس کا مقصد
نوجوانوں کو اجتماعی اور کمیونٹی کی سرگرمیوں سے جوڑنا ہے۔اس منصوبہ کا
آغاز کیمرون کے وزیر اعظم رہنے کے دوران کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تمام نسلوں کیلئے امید، انسان دوستی جیسے
نظریات کو مضبوط
کرنے کے اس کام میں وہ صنعت، آرٹ، کھیل، میڈیا سمیت تمام شعبوں کی شرکت
چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ کیمرون نے جون میں یوروپی یونین سے برطانیہ کے باہر
ہونے پر عوام کی مہر لگنے کے بعد عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے کچھ
ہفتوں بعد کنزرویٹو پارٹی نے ٹریسا مے کو ان کے جانشین کے طور پر منتخب
کیا تھا
گزشتہ ماہ کیمرون نے پارلیمنٹ سے استعفی دے کر سب کو چونکا دیا تھا۔اس وقت
انہوں نے مرکزی دھارے کی سیاست سے الگ ہو کر لوگوں اور ملک کی خدمت کرنے کی
خواہش ظاہر کی تھی۔